تمام منصوبوں اور ہائوسنگ پراجیکٹس کیلئے سائل ٹیسٹنگ لازمی قرار
01 اگست ، 2022
راولپنڈی میں تمام منصوبوں اور ہائوسنگ پراجیکٹس کیلئے سائل ٹیسٹنگ لازمی قرار دیدی گئی ہےاور سائل ٹیسٹنگ کے بغیر رہائشی و کمرشل نقشے پاس کرنے والے اداروں کے خلاف انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باخبرذرائع کے مطابق اڈیالہ روڈ پر ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں لینڈ سلائڈنگ اور مکانوں کو پہنچنے والے نقصان پر ڈویژنل انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے ہائوسنگ سوسائٹی اور اس کے نقشے پاس کرنے والے ادارے کے خلاف تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ تمام سوک اداروں کو خبردار کیا ہے کہ نقشے اور لے آئوٹ پلان پاس کرتے وقت سائل ٹیسٹنگ کو لازمی حصہ بنائیں۔ تاکہ مستقبل میں لینڈسلائڈنگ جیسے معاملات سے بچا جاسکے۔ذرائع کے مطابق شدید بارشوں کے بعد اڈیالہ روڈ پر ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں ایک پہاڑی ٹیلہ سرکنے سے ایک زیر تعمیر مکان اور سڑک کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے تھے اور قریبی مکانات کے رہائشیوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کردیا گیا تھا۔
Hits: 23